فطری حسن، دلکش وادیوں اور پْرامن فضا کے لیے مشہور وادی کشمیر آج ایک سنگین شہری و صحت عامہ کے مسئلے کا شکار ہے …اور وہ ہے آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد یا آبادی۔ یہ مسئلہ اب محض پریشانی نہیں بلکہ ایک مستقل خطرہ بن چکا ہے، خاص طور پر سرینگر اور دیگر شہری علاقوں میں۔
تخمینے بتاتے ہیں کہ کشمیر ۹۰ہزار سے زیادہ آوارہ کتوں کا گھر ہے ، جن کی تعداد سری نگر ، اننت ناگ ، بارہمولہ اور سوپور جیسے شہری مراکز میں مرکوز ہے۔ یہ اعداد و شمار مستحکم نہیں ہیں ؛ بلکہ مسلسل بڑھتے ہیں۔ کچرے کو ٹھکانے لگانے کے ناکافی انتظام کی وجہ سے کھانے کی وافر مقدار ، اور نسبندی کے پروگراموں میں خلل نے کتوںکی بلا روک ٹوک افزائش کے لیے مثالی حالات پیدا کیے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ کتوں کے جھنڈ گلیوں ، بازاروں ، پارکوں اور یہاں تک کہ اسکولوں اور ہسپتالوں کے احاطے میں گھومتے ہیں ، خاص طور پر اندھیرے کے بعد۔
منگل ۵؍اگست کو لوک سبھا میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، جموں و کشمیر میں ۲۰۲۴ میں ریبیز سے پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔۲۰۲۳ میں چار تھیں جبکہ۲۰۲۲ میں کوئی موت نہیں ہوئی تھی۔
ماہی گیری ، مویشی پروری اور ڈیری کی وزارت نے کہا کہ اموات کا تعلق آوارہ کتوں کے مسئلے سے ہے ، جو کئی ریاستوں میں بڑھ رہا ہے۔
مرکز نے کہا کہ میونسپل ادارے آئین کے آرٹیکل ۲۴۳ (ڈبلیو) کے تحت آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کی ذمہ دار ہیں اور اینیمل برتھ کنٹرول (اے بی سی) پروگرام کو نافذ کر رہی ہیں ، جو نیوٹرنگ اور اینٹی ریبیز ویکسینیشن پر مرکوز ہے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ نومبر ۲۰۲۴ میں اور پھر جولائی ۲۰۲۵ میں جموں و کشمیر سمیت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایڈوائزری جاری کی گئی تاکہ اے بی سی کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے اور مطلوبہ بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جا سکے۔
سرینگر شہر میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ یہ ہے کہ امسال اب تک شہر میںآوارہ کتوں کی ایک بھی نس بندی نہیں کی گئی ہے ، جس سے رہائشیوں کی روزمرہ کی پریشانی اور حفاظت کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ، سرینگر میں۲۰۲۴ میں۶۷۰۲ نس بندی اور ۶۸۴۸ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے ٹیکے لگائے گئے۔ تاہم۲۰۲۵ میں اب تک کوئی نسبندی نہیں کی گئی ہے۔
سری نگر میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کاکہنا ہے کہ نس بندی پر روک پچھلی ایجنسی کے معاہدے کی میعاد ختم ہونے کی وجہ سے ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ نئے ٹینڈر جاری کیے ہیں ، لیکن ابھی تک عمل کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ اس وقت تک نس بندی روک دی گئی ہے ۔
سردیوں کے مہینوں میں عام طور پر جراحی کے بعد انفیکشن کے خطرات کی وجہ سے نس بندی میں کمی نظر آتی ہے۔ لیکن اس وقت چونکہ گرما چل رہا ہے اور درجہ حرارت جراحی کیلئے مناسب تصور کیا جارہا ہے ‘ لیکن نس بندی کا عمل رکا ہو ا ہے۔
اے بی سی پروگرام کے تحت نس بندی میں رکاوٹ نے شہر کو مکمل بحران کا شکار بنا دیا ہے۔اس سال قابو پانے کے کوئی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ، جارحانہ کتوں کے جھنڈ پیدل چلنے والوں کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں ، جس سے صبح اور شام کے اوقات میں خوف و ہراس پیدا ہوتا ہے۔بچے ‘خواتین اور بزرگ حضرات گھروں سے باہر نکلنے پر خوف محسوس کرتے ہیں ۔
سرینگر شہر کے ہسپتال بھی ان سے محفوظ نہیں ہیںبچتے۔ ایس ایم ایچ ایس ، لل دید ، ایس کے آئی ایم ایس ، اور چیسٹ ڈیزیز ہسپتال کے باہر ، کتے کچرے میں گھومتے ہیں ، اکثر مریضوں اور معاونین کے قریب گھومتے ہیں۔ لل دید اسپتال میں ، زچگی وارڈ کے قریب کتے آزادانہ طور پر گھومتے ہیں۔ یہ سوچنا خوفناک ہے کہ وہ نوزائیدہ بچوں اور ماؤں کو کس طرح کا خطرہ لاحق کرتے ہیں۔
ماہرین کاکہنا ہے کہ مسئلہ صرف اواوہ کتوں کاٹنے کے بارے میں نہیں ہے۔ ان کے مطابق کچرے کے ڈبوں اور کھانے کی دکانوں کے قریب کتے حفظان صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے ایک فعال کردار ادا کیا ہے ، بار بار انتظامیہ کو سائنسی اے بی سی پروگراموں کو جنگی پیمانے پر نافذ کرنے ، کچرے کے انتظام کو بہتر بنانے اور اے آر وی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
کشمیر میں آوارہ کتوں کا مسئلہ سڑک پر جانوروں کے جھنڈ سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ فضلہ کے انتظام ، ویٹرنری ہیلتھ کیئر ، اور شہری منصوبہ بندی میں نظامی ناکامیوں کی علامت ہے ، جو خطے کی منفرد تاریخ سے بڑھتا ہے۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے ایک مستقل ، سائنسی اور انسانی حکمت عملی کو اپنانے کے لیے ایڈہاک ، رد عمل کے اقدامات سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
لیکن کشمیر کا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں حکومت کی توجہ دوسرے مسائل پر مرکوز ہے ‘جن میں سکیورٹی سر فہرست ہے‘ جس کی وجہ سے بعض اہم مسائل ‘ جن میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہو ئی تعداد بھی شامل ہے ‘ ثانوی حیثیت اختیار کرتے ہیں اور حکام انہیں ایڈریس کرنے میں زیادہ سنجیدہ نظر آتے ہیں اور نہ ہی ان کی اس میں خاص کوئی دلچسپی ہے ۔ اس امر کے باوجود بھی کہ آوارہ کتوں کے حملوں میں گزشتہ سال ۵ لوگوں کی موت ہو گئی اور ہر سال ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہو جاتے ہیں ۔





