نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت اگنی پتھ اسکیم کے تحت نہ صرف ملکی سلامتی کے ساتھ کھیل رہی ہے بلکہ ملک کے نوجوانوں کو بھی دھوکہ دیا جا رہا ہے راجستھان سینک ویلفیئر بورڈ کے صدر اور سابق ایم پی لیفٹیننٹ کرنل مانویندر سنگھ نے جمعہ کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت اگنی ویروں کی بھرتی کے لیے آج سے رجسٹریشن شروع ہو گئی ہے اور اس کے ساتھ تقریباً 50 ہزار ان نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ ہواہے جو فوج میں بھرتی کے لیے مختلف امتحانات پاس کر چکے ہیں اور اب صرف میرٹ لسٹ میں نام آنے کا انتظار کررہے تھے، اس اسکیم کی وجہ سے ان کے تمام امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ کی وجہ سے اب فوج میں دو طرح کے فوجی ہوں گے۔ ان فوجیوں میں ایک وہ سپاہی ہے جسے پوری تنخواہ، الاؤنس اور دیگر تمام سہولیات ملیں گی اور دوسرے وہ ہیں جنہیں چار سال کے لیے رکھا جائے گا۔ اس سے فوجیوں میں مایوسی پھیلے گی۔
لیفٹیننٹ کرنل سنگھ نے کہا کہ اس منصوبے سے دو طرح کے سپاہی ہوں گے اور جس فوج میں دو طرح کے سپاہی ہوتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی ہے۔ یہ نظام کسی بھی فوج کے لیے کامیابی کی علامت نہیں ہے اور جہاں ایسی صورت حال ہو وہاں عوام کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔
انہوں نے جنرل بپن راوت کے انتقال کے بعد فوج میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کے عہدے پر بھرتی نہ کیے جانے پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اس عہدے پر ہم خیال افراد کو رکھنا چاہتی ہے، اس لیے سی ڈی ایس کی تقرری میں تاخیر ہو رہی ہے۔