ساؤتھمپٹن (انگلینڈ)// بین ڈکٹ (84) اور جیمی اسمتھ (60) کی شاندار نصف سنچری اننگز کے بعد انگلینڈ نے لیوک ووڈ (تین وکٹ) اور عادل رشید (دو وکٹ) کی شاندار بالنگ کی بدولت تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 3-0 سے جیت لی ہے۔
انگلینڈ کے 248 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی شروعات خراب رہی اور اس نے 37 رن کے اسکور پر اپنے دونوں اوپنرز جانسن چارلس (نو) اور ایون لوئس (نو) کے وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان شائی ہوپ اور شمرون ہیٹمائر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ساتویں اوور میں جیکب بیتھل نے آٹھ گیندوں پر شمرون ہیٹمائر (26) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو تیسری کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں برائیڈن کارس نے 27 گیندوں میں شائی ہوپ (45) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو بڑا دھچکا دیا۔ عادل رشید نے شرفن ردرفورڈ (ایک)، روماریو شیفرڈ (صفر) کو اپنا شکار بنایا۔ جیسن ہولڈر 12 گیندوں (25) میں اور گڈاکیش موتی (ایک) کو لیوک ووڈ نے آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے لیے روومین پاول نے 45 گیندوں پر نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز (ناٹ آؤٹ) کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے شاندار بالنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 211 رنز ہی بنا سکی اور 37 رنز سے میچ ہار گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے لیوک ووڈ نے تین اور لیوک ووڈ نے دو وکٹ حاصل کئے۔ برائیڈن کارس، لیام ڈاسن اور جیکب بیتھل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے منگل کی رات دیر گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی بین ڈکٹ اور جیمی اسمتھ نے شاندار آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 120 رنز جوڑے۔ نویں اوور میں گڈاکیش موتی نے جیمی اسمتھ کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ جیمی اسمتھ نے 26 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے (60) رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے جوس بٹلر نے 10 گیندوں میں (22) رنز بنائے لیکن شرفن ردرفورڈ نے ہیٹ مائر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکر پویلین بھیج دیا۔ 15ویں اوور میں عقیل حسین نے بین ڈکٹ کو بولڈ کر کے ان کے سنچری بنانے کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔ بین ڈکٹ نے 46 گیندوں میں 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے (84) رنز بنائے۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں پر 248 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ کپتان ہیری بروک نے 22 گیندوں میں (35 ناٹ آؤٹ) اور جیکب بیتھل نے 16 گیندوں میں (36 ناٹ آؤٹ) رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین، گڈاکیش موتی اور شرفن ردرفورڈ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔