کوالالمپور//
برونائی دارالسلام کے سلطان حسن بلقیہ کی طبیعت آسیان سربراہی اجلاس کے دوران اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سلطان برونائی آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے ملائیشیا میں موجود تھے جب طبیعت بگڑنے پر انہیں کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں داخل کیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے سلطان کی عیادت کرتے ہوئے طبی عملے کو ان کی مکمل دیکھ بھال کی ہدایت کی۔
سلطان حسن بلقیہ دنیا کے طویل ترین حکمرانی کرنے والے حکمرانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 1968 سے برونائی کے سلطان ہیں۔ ان کی شہرت نہ صرف طویل اقتدار بلکہ شاہی دولت کی وجہ سے بھی ہے، جن کی ذاتی دولت کا تخمینہ تقریباً 30 ارب ڈالر لگایا جاتا ہے۔
سلطان برونائی دنیا کے سب سے بڑے محل میں رہائش پذیر ہیں جس میں 1788 کمرے موجود ہیں۔ وہ دنیا کی امیر ترین شاہی شخصیات میں سے ایک مانے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ برونائی ایک چھوٹی مگر تیل اور گیس سے مالا مال ریاست ہے جو ملائیشیا کے پڑوس میں واقع ہے اور اپنی معاشی خوشحالی اور شاہی نظام کے باعث دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے۔