جے پور//) جوش انگلس (73) اور پریانش آریہ (62) کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت پنجاب کنگس نے پیر کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 69ویں میچ میں ممبئی انڈینس کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی پنجاب کنگز پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گئی ہے۔
185 رن کے ہدف کے تعاقب میں پریانش آریہ اور پربھسمرن سنگھ کی جوڑی نے پنجاب کے لیے پہلی وکٹ کے لیے 34 رن جوڑے۔ جسپریت بمراہ نے پانچویں اوور میں پربھسمرن سنگھ (13) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد جوش انگلش بیٹنگ کے لیے آئے اور پریانش آریہ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 109 رن کی شراکت کی۔ مچل سینٹنر نے 15ویں اوور میں پریانش آریہ کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ پریانش آریہ نے 35 گیندوں میں نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے (62) رن بنائے۔ 18ویں اوور میں مچل سینٹنر نے جوش انگلس کو ایل بی ڈبلیو کر کے پنجاب کو تیسرا جھٹکا دیا۔ جوش انگلس نے 42 گیندوں میں نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے (73) رن بنائے۔ کپتان شریاس ایر نے 16 گیندوں میں (26 ناٹ آؤٹ) رن کی اننگز کھیلی۔ پنجاب کنگز نے 18.3 اوورز میں تین وکٹ پر 187 رن بنا کر سات وکٹ سے میچ جیت لیا۔
ممبئی کی جانب سے مچل سینٹنر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جسپریت بمراہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے ممبئی انڈینز کی اوپننگ جوڑی ریان رکلٹن اور روہت شرما نے پہلی وکٹ کے لیے 45 رن جوڑے۔ مارکو جانسن نے چھٹے اوور میں اس شراکت کو توڑا جب انہوں نے 20 گیندوں پر ریان ریکلیٹن (27) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد سوریہ کمار یادو بیٹنگ کے لیے آئے اور روہت شرما کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 10ویں اوور میں ہرپریت برار نے روہت شرما کو 21 گیندوں پر 24 رن پر آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وجے یوکار ویشک نے تلک ورما (1) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو تیسرا جھٹکا دیا۔ ول جیکس (17) بھی 13ویں اوور میں ویشک کا شکار بنے۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے 15 گیندوں میں (26) اور نمن دھیر نے 12 گیندوں میں (20) رن بنائے۔ ممبئی کا ساتواں وکٹ 20ویں اوور کی آخری گیند پر سوریہ کمار یادو کی صورت میں گرا۔ انہیں ارشدیپ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
سوریہ کمار یادو نے 39 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے (57) رن بنائے۔ ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹ پر 184 رن بنائے۔
پنجاب کنگز کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، مارکو جانسن، وجے کمار ویشک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہرپریت برار نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔