یروشلم//
اسرائیل میں یروشلم کے مضافات میں جنگلات پر بدترین آتشزدگی کے نتیجے میں مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو بے دخل کردیا گیا اور آگ پر قابو پانے کے لیے عالمی مدد کی اپیل کردی گئی ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مقامی ٹی وی پر جاری فوٹیجز میں دیکھایا گیا ہے کہ یروشلم سے تل ابیب جانے والی مرکزی شاہراہ آگ کی لپیٹ میں ہے اور لوگ اپنی گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرکزی شاہراہ میں سفر کرنے والے اسرائیلی آگ کے شعلوں سے بچنے کے لیے گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ نکلے اور دھوئیں سے اطراف کا پہاڑی علاقہ ڈھک گیا ہے۔
اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ اٹلی اور کروشیا کی جانب سے آگ پر قابو پانے کے لیے تین فائرفائٹنگ جہاز بھیجنے جانے کی توقع ہے۔
اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا کہ جنگلات میں بدترین آگ کے بعد اسرائیل نے یونان، سائپرس اور بلغاریہ سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ 120 فائرفائٹرز اور ریسکیو سروس کی درجنوں ٹیموں کو جائے وقوع پر بھیج دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ طیارے اور ہیلی کاپٹرز بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس کے سرچ اینڈ ریسکیو فورسز بھی آپریشن میں تعاون کر رہی ہیں۔