تاشقند کیمپ آفس/نئی دہلی//) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج کہا کہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلباء ہندوستانی اقدار اور ثقافت کے سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود یہ طلباء ہندوستانی اقدار سے وابستہ رہتے ہیں اور اپنے میزبان ممالک میں بھی ان کا پرچار کرتے ہیں۔ مسٹر برلا نے ازبکستان کے اپنے چار روزہ دورے کے دوران سمرقند میڈیکل یونیورسٹی میں ہندوستانی طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مسٹر برلا فی الحال بین پارلیمانی یونین ( آئی پی یو ) کی 150ویں اسمبلی میں ہندوستانی پارلیمانی وفد ( آئی پی ڈی ) کی قیادت کر رہے ہیں۔
لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ نیا ہندوستان ” نئے مواقع کی سرزمین” کے طور پر جانا جاتا ہے ، جہاں ہر شعبے میں تیزی سے اصلاحات ہو رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آیوشمان بھارت جیسے قومی اقدامات نے ملک بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں وسیع مواقع فراہم کیے ہیں۔ آیوشمان بھارت نیٹ ورک میں سرکاری اسپتالوں کے ساتھ نجی اسپتالوں کی شمولیت کے ساتھ یہ اسکیم ایف ایم جی ڈاکٹروں کو بے ش قیمت تجربہ حاصل کرنے اور ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں اپنا حصہ ڈالنے کے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں طبی تحقیق اور تعلیم کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ طلباء کے لیے تعلیمی اور تحقیقی اداروں میں کام کرنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
مسٹر برلا نے طلباء سے کہا کہ ہندوستان دنیا کے ہر کونے میں رہنے والے ہندوستانیوں کے بارے میں یکساں طور پر فکر مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بیرون ملک ہندوستانی طلباء کی مدد اور تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ ‘‘ مدد’’ ( ‘MADAD’) پورٹل جیسے اقدامات اور بیرون ملک ہندوستانی سفارت خانوں کی فعال مشغولیت کے ذریعہ حکومت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہندوستانی طلباء کو اپنی تعلیم، تحفظ اور کیریئر کے امکانات میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے فخریہ انداز میں کہا ‘‘ہندوستانی ڈاکٹروں کی عالمی پہچان ہے اور آپ کو اس روایت کو آگے بڑھانا چاہیے ۔’’ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ بہترین ڈاکٹر پیدا کیے ہیں اور یہ طلباء اپنے علم اور مہارت سے دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو مضبوط بنائیں گے ۔ مسٹر برلا نے کہا کہ طلباء کا عالمی تجربہ ان کے طبی کیریئر میں مزید کامیابی کی راہ ہموار کرے گا۔