نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی 6 اپریل کو رام نومی کے موقع پر تمل ناڈو میں بنائے گئے ملک کے پہلے ورٹیکل لفٹ سی پل کا افتتاح کریں گے ۔
وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق مسٹر مودی 6 اپریل کو تمل ناڈو کا دورہ کریں گے اور رام نومی کے موقع پر دوپہر تقریباً 12 بجے پمبن اور رامیشورم کے درمیان ملک کے پہلے ورٹیکل لفٹ سمندری پل کا افتتاح کریں گے ۔ اس کے ساتھ وہ روڈ پل سے ٹرین اور ایک جہاز کو جھنڈی دکھا کر پل کے آپریشن کا مشاہدہ کریں گے ۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس کے بعد وزیر اعظم تقریباً 12:45 بجے رامیشورم کے رامناتھ سوامی مندر میں پوجا کریں گے ۔ مسٹر مودی ریاست میں 8,300 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ریل اور سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور رامیشورم میں تقریباً 1.30 بجے انہیں قوم کے نام وقف کریں گے ۔ اس موقع پر وہ جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے ۔
اس کے علاوہ مسٹر مودی رامیشورم سے تمبرم (چنئی) تک نئی ٹرین سروس کو جھنڈی دکھائیں گے ۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس پل کی بہت زیادہ ثقافتی اہمیت ہے کیونکہ رامائن کے مطابق رام سیتو کی تعمیر رامیشورم کے قریب دھنشکوڈی سے شروع ہوئی تھی۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ رامیشورم کو سرزمین سے جوڑنے والا یہ پل عالمی سطح پر ہندوستانی انجینئرنگ کی ایک بے مثال مثال ہے ۔ اس کی تعمیر 550 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے کی گئی ہے ۔ اس کی لمبائی 2.08 کلومیٹر ہے ۔ اس میں 99 اسپین ہیں اور 72.5 میٹر کی ورٹیکل لفٹ اسپین ہے ، جو 17 میٹر کی اونچائی تک اٹھتا ہے ۔ یہ بلاتعطل ٹرین آپریشن کو یقینی بناتے ہوئے جہازوں کی ہموار نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرتا ہے ۔