برسلز//
یورپی یونین کی خارجہ امور پالیسی کی سربراہ کاجا کلاس آج پیر کے روز اسرائیل کے دورے پر آئیں گی۔ ان کے دفتر کے مطابق اس دورے کا مقصد اسرائیل پر غزہ میں از سر نو جنگ بندی کرنے پر زور دینا ہے۔خارجہ امور سربراہ کے دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ایک موقع ہو گا کہ غزہ کے تنازعے کو اور صورت حال کو زیر بحث لایا جائے گا۔بیان کے مطابق غزہ جنگ پر بات چیت کرنے کا ایک موقع ہوگا۔ اس موقع پر غزہ میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک رسائی اور تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔ نیز اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے جنگ بندی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یورپی عہدے دار اسرائیل کے علاوہ فلسطینی اتھارٹی کے وزراء سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اب تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق خارجہ پالیسی امور سربراہ کلاس اسرائیل کے دورے کے موقع پر اسرائیلی صدر اضحاک ہرزوگ ، وزیر خارجہ گیڈون سائر اور اسرائیلی اپوزیشن رہنما یائر لیپڈ سے تو ملیں گی۔
تاہم اعلیٰ یورپی عہدے دار وزیر اعظم نیتن یاہو کے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی وجہ سے ان سے ملاقات نہیں کریں گے۔
یاد رہے بین الاقوامی فوجداری عدالت نے پچھلے سال اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور ان کے اس وقت کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے جنگی جرائم کی بنیاد پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ جس کے بعد نیتن یاہو گرفتاری کے خوف سے امریکہ کے علاوہ کسی دوسرے ملک کا دورہ نہیں کر سکے ہیں۔
یورپی یونین کی خارجہ امور سربراہ کاجا کلاس فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس اور وزیر اعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات کریں گی۔