نئی دہلی// لیسلی ہندوستانی ہاکی ٹیم میں ایک فیلڈ ہاکی لیجنڈ کھلاڑی کی حیثیت رکھتے تھے ۔لیسلی والٹر کلاڈیوس کا ملک کے مشہور ہاکی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ جنہوں نے 1948 میں لندن، 1952 میں ہیلسنکی اور 1956 میں میلبورن میں تین اولمپک گولڈ میڈل جیتے تھے ۔ انہوں نے 1960 میں روم اولمپکس میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا جب انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی ۔ انہوں نے 20 ویں صدی کے دوران کھیل میں ہندوستان کے غلبے میں اہم کردار ادا کیا ۔ کلاڈیوس 1948 ، 1952 اور 1956 میں لگاتار تین اولمپک طلائی تمغے جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا حصہ تھے ۔ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور اسپورٹس مین شپ کے لیے جانے جاتے تھے۔انہوں نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی مڈفیلڈر کا رول نبھایا ۔ ہندوستانی ہاکی میں کلاڈیوس نے اپنا بھر پور تعاون دیا۔انہیں اپنی شاندار پرفارمینس کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر شناخت اور احترام حاصل ہوا ۔ اپنی ایتھلیٹک کامیابیوں کے علاوہ ، انہوں نے خود کو کوچنگ اور ہاکی کو فروغ دینے کے لیے وقف کر دیا ۔ ان کی میراث ہندوستان اور اس سے باہر ہاکی کے خواہشمند کھلاڑیوں کو تحریک دیتی ہے ۔وہ ہاکی میں سب سے زیادہ اولمپک تمغے جیتنے پر ادھم سنگھ کے ساتھ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہیں ۔ کلاڈیوس میجر دھیان چند اور روپ سنگھ کے ساتھ ہندوستانی ہاکی کی مشہور ہستیوں میں شامل تھے ۔
لیسلی کلاڈیوس ، کی پیدائش 25 مارچ 1927 کو ہندوستان کے بلاس پور میں ہوئی۔لیسلی والٹر کلاڈیوس نے ساؤتھ ایسٹرن ریلوے ، جسے اب ایس ای سی آرکے نام سے جانا جاتا ہے، انگلش میڈیم اسکول بلاس پور میں تعلیم حاصل کی ، جس نے بہت سے قومی کھلاڑی پیدا کیے ہیں ۔ لیسلی کلاڈیوس نے ادھم سنگھ کے ساتھ فیلڈ ہاکی میں چار اولمپک تمغے جیتنے والے صرف دو ہندوستانی کھلاڑیوں میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔