سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے ہفتے کے روز کہاکہ عوام کے مسائل حل کرنا اور عوام کی اقتصادی و معاشی حالات بہتر بنانا عمر عبداللہ کی سربراہی والی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
وانی نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی خاطر تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
ان باتوں کا اظہاروزیر اعلیٰ کے مشیر نے پارٹی ہیڈ کواٹر میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
وانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے انتخابی منشور میں جو جو وعدے کئے ہیں عمر عبداللہ کی حکومت وہ تمام وعدے پورے کرنے کیلئے وعدہ بند اور کاربند ہے ۔
وزیرا علیٰ کے مشیر نے کہا کہ یہاں کے عوام نے گذشتہ۱۰سال کے دوران سخت ترین مصائب اور مشکلات جھیلے اور اب راحت پہنچانا ہمارا کام ہے ۔
وانی نے کہا کہ ۱۰سال سے جموں وکشمیر کے عوام کو تباہی اور ناگفتہ بہہ حالات سے گزرنا پڑا ہے ۔اس عرصہ میں اس تاریخی ریاست کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر لایا گیا۔ یہاں کے پشتینی باشندوں کی شنوائی کہیں نہیں تھی، نیز یہاں کے عوام کیخلاف اعلان جنگ کر دیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ عوامی حکومت ہر حال اور ہر وقت عوام کیلئے وقف ہے اور حکومت کی تمام تر توجہ یہاں کے عوام کو راحت پہنچانے پر مرکوز ہے ۔
وانی نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرنے کی تاکید کی اور ساتھ ہی آنے والے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کیلئے ابھی سے کمربستہ رہنے کیلئے کہا۔
دریں اثنا کئی عوامی وفود، تاجر حضرات اور معزز شہری بھی وزیر اعلیٰ کے مشیر کیساتھ ملاقی ہوئے اور اپنے مسائل و مشکلات کی جانکاری دی۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر نے لوگوں کے مسائل سُنے اور موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ رابطہ کرکے ان کا سدباب کرانے کی ہدایت دی۔
اس کے علاوہ انہوں نے صوبائی کمشنر اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے بھی رابطہ کیا اورنشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی تاکید کی۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ پانی کی نکاسی کیلئے ، فلڈ کنٹرول، ایری گیشن ، فائرسروس اور میونسپلٹی کے پمپ کام پر لگائے جائیں تاکہ لوگوں کا عبور ومرور آسانی ہوسکے ۔