واشنگٹن//
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو 10 سے 12 مارچ کے دوران سعودی عرب کے دورے پر آئیں گے ۔ ان کے اس تین روزہ دورے کے دوران روس اور یوکرین جنگ سے متعلق موضوعات پر ریاض میں یوکرینی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی۔اس امر کا اعلان امریکی دفتر خارجہ نے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔
روبیو سعودی عرب میں اپنی موجودگی کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں وزیر خارجہ مارکو روبیو کینیڈا پہنچیں گے۔ جہاں وہ جی 7 ملکوں کی وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ان کی یہ سرگرمی 12 سے 14 مارچ کے دوران جاری رہے گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے جمعہ کے روز یوکرینی وزیر خارجہ آندری صبیحہ سے بات چیت کی تھی اور بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ روس و یوکرین کی جنگ کو جلد سے جلد ختم کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ ہونے والی گرما گرم ملاقات سے یوکرین کے لیے فوجی و انٹیلی جنس کے شعبوں میں مدد روک چکے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں یہ ملاقات 28 فروری کو ہوئی تھی۔
ادھر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی اعلان کر رکھا ہے کہ وہ سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے اور پیر کے روز شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ تاکہ یوکرین و روس جنگ بندی کے سلسلے میں اپنا نقطہ نظر سعودی قیادت کے سامنے بھی رکھ سکیں۔