نئی دہلی// عام آدمی پارٹی ( آپ ) کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ ملک میں اقتصادی عدم مساوات نے 100 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور تقریباً 100 کروڑ لوگوں کے پاس اپنی ضروریات کے علاوہ کچھ خریدنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
مسٹر سنگھ نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں اقتصادی عدم مساوات نے 100 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ آج بھی اتنی ہی عدم مساوات ہے جتنی سو سال پہلے تھی۔ انہوں نے کہا کہ سو کروڑ لوگوں کے پاس اپنی ضروریات کے علاوہ کچھ خریدنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ ملک کی معیشت کا یہ حال ہے لیکن حکومت کی طرف سے کوئی ایک لفظ کہنے کو تیار نہیں ہے ۔ حکومت نے عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے کہنے پر ملک کے لوگوں نے اپنا پیسہ اسٹاک مارکیٹ میں لگایا اور ملک کے 94 لاکھ کروڑ روپے اسٹاک مارکیٹ میں ضائع ہوگئے ۔ عوام کی محنت کی کمائی ضائع ہو گئی لیکن وزیراعظم کچھ نہیں کہہ رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے اپنے چند دوستوں کے 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیئے ۔ یہ ملک کے عوام کا پیسہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت من مانی ٹیکس لگا کر عوام سے پیسہ اکٹھا کرتی ہے اور اپنے دوستوں کے قرضے معاف کر دیتی ہے ۔
آپ کے لیڈر نے کہا کہ اس ملک کو بچانے کا وقت آگیا ہے ۔ ڈوبتی معیشت پر سوال اٹھانے کا وقت آگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ بارہ ماہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں 26.5 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ بارہ ماہ میں ٹماٹر کی قیمت میں 247 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ آلو کی قیمت میں 180 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ وزیراعظم کو سامنے آکر اس کا جواب دینا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے دور اقتدار میں پچھلے دس برسوں میں روپے کی قدر مسلسل گرتی رہی ہے اور اب ایک ڈالر 87 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ جب وہ ملک میں برسراقتدار آئے تو اس وقت ایک ڈالر ساٹھ روپے کے برابر تھا۔