نئی دہلی// دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے آج کہا کہ 31 مارچ کے بعد دہلی کے تمام پٹرول پمپوں پر 15 سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں میں ایندھن بھرنے پر پابندی عاید ہوگی۔
مسٹر سرسا نے آج آلودگی کنٹرول سے متعلق افسروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ 15 سال سے زیادہ پرانی تمام گاڑیوں کو تیل حاصل کرنے سے روک دیا جائے گا۔ اس کے لیے پیٹرول پمپس پر ایسے آلات نصب کیے جارہے ہیں جو 15 سال پرانی گاڑیوں کی شناخت کریں گے ۔ اب تک 80 فیصد پیٹرول پمپس پر ایسے آلات نصب کیے جا چکے ہیں اور 31 مارچ تک تمام پمپس پر ایسے آلات نصب کر دیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ دارالحکومت دہلی میں 15 سال پرانی گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ یہ ٹیم نہ صرف 15 سال پرانی گاڑیوں کو دہلی میں داخل ہونے سے روکے گی بلکہ پرانی گاڑیوں کو دہلی سے ہٹانے کا کام بھی کرے گی۔
مسٹر سرسا نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی کے طلباء آلودگی پر قابو پانے کے لیے درخت لگانے کے پروگرام میں شامل ہوں گے ۔ طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں سرٹیفکیٹ دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔
دہلی کے اندر بڑے ہوٹلوں، کام کی جگہوں، تعمیراتی مقامات اور ہوائی اڈوں کو آلودگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کا انتظام کرنا ہوگا۔
دہلی میں بنجر زمین پر شجرکاری کا کام کیا جائے گا تاکہ آلودگی کو کم کیا جا سکے ۔










