نئی دہلی//) مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے قومی تعلیمی پالیسی پر تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ تعلیم پر سیاست نہ کریں اور طلباء کے مفاد میں سیاسی اختلافات سے اوپر اٹھ کر فیصلے کریں۔
مسٹر پردھان نے آج مسٹر اسٹالن کی جانب سے قومی تعلیمی پالیسی کی مخالفت کے بعد ایک خط میں یہ بات کہی ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خط کا اشتراک کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا "کسی ریاست کے لیے یہ انتہائی نامناسب ہے کہ وہ قومی تعلیمی پالیسی کو تنگ نظری سے دیکھے اور سیاسی نظریے کو برقرار رکھنے کے لیے دھمکیوں کا استعمال کرے ۔
حکومت تمل ثقافت اور زبان کو عالمی سطح پر فروغ دینے اور اسے مقبول بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ میں مودبانہ اپیل کرتا ہوں کہ تعلیم پر سیاست نہ کریں اور اپنے طلباء کے بہترین مفاد میں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر کام کریں۔
مسٹر پردھان نے خط میں لکھا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ ریاستی حکومت سیاست سے اوپر اٹھکر ایسی پالیسیوں پرترجیح دے جو ہمارے طلباء کو علم، ہنر اور مستقبل کے مواقع کے ساتھ بااختیار بنائے ۔ قومی تعلیمی پالیسی صرف ایک اصلاحات نہیں ہے ، بلکہ یہ ایک تبدیلی کا وژن ہے جو ہندوستان کے تعلیمی نظام کو عالمی معیار تک بلند کرنے کی کوشش کرتا ہے اور ہمارے لسانی اور ثقافتی تنوع کو محفوظ اور مضبوط کرتا ہے ۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ حکومت تمل زبان اور ثقافت کو مقبول بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمل زبان ابدی ہے اور تمل ثقافت عالمی ہے ۔ حکومت تمل زبان اور ثقافت کو مقبول بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔
مسٹر پردھان نے کہا کہ یہ قومی افتخار کی بات ہے کہ تمل دنیا کی قدیم ترین کلاسیکی زبانوں میں سے ایک ہے اور ہندوستان کی قدیم ترین زبان ہے ۔ مسٹر سبرامنیا بھارتی کے یوم پیدائش کی یاد میں، ہم نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہندوستانی زبان کے تہوار منانا شروع کر دیے ہیں ، جس میں پچھلے سال پندرہ روزہ تقریبات میں کروڑوں طلباء، اساتذہ، ماہرین تعلیم، عوامی رہنماؤں اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات قومی اور عالمی سطح پر تمل کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین کے 8ویں شیڈول میں شامل تمام ہندوستانی زبانوں کو ہندوستانی زبانیں مانتے ہیں اور اسی کے مطابق تمل کو اہمیت دی جاتی ہے ۔