بجبہاڑہ//
ضلع اسلام آباد کے بجبہاڑہ علاقہ کے پادشاہ باغ کے قریب مشتبہ عسکریت پسندوں نے پولیس کی ایک پارٹی پر گرینیڈ پھینکا۔ حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔
مشتبہ عسکریت پسندوں نے بدھ کی شام پادشاہی باغ کے قریب پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر اس وقت گرینیڈ سے حملہ کیا جب وہ معمول کی گشت پر تھے، تاہم عسکریت پسندوں کا نشانہ چوک گیا، جس کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار کو معمولی چوٹیں آئیں۔
زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور ہر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم اس وقت اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقہ کو محاصرہ میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
اس دوران پولیس نے جموں کے ججر کوٹلی علاقے میں بدھ کے روز ناکہ چیکنگ کے دوران ایک بس سے دھماکہ خیز مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جموں کے ججر کوٹلی علاقے میں بدھ کے روز معمول کی ناکہ چیکنگ ہو رہی تھی کہ اس دوران ایک پبلک ٹرانسپورٹ بس سے جیلیٹن کی چھڑیوں کی شکل میں دھماکہ خیز مواد بر آمد کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ مواد کی بر آمدگی کے فوراً بعد بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا جو اس کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ججر کوٹلی میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔