نئی دہلی// نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر گزشتہ ہفتہ بھگدڑ کے واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ ملک کے تقریباً 60 اسٹیشنوں پر ہولڈنگ ایریا بنایا جائے گا اور ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں مسافروں کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک جامع ہدایت نامہ تیار کیا جائے گا۔
وزارت ریلوے میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں مسٹر ویشنو نے کہا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے حادثے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک کے تقریباً 60 اسٹیشنوں پر ہولڈنگ ایریا بنائے جائیں گے ۔ جہاں ممکن ہوگا، مستقل ہولڈنگ ایریاز بنائے جائیں گے ۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اس حادثے کی اعلیٰ سطح کی دو رکنی کمیٹی کی طرف سے تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا ٹائم فریم کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ اس کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے ۔ ان کا ماننا ہے کہ تفتیشی افسران کو کسی بیرونی یا اندرونی دباؤ سے آزاد ہوکر شفاف تحقیقات کرنی چاہیے اور ملزمان کو جواب دینے کا موقع دیاجا نا چاہیے ۔ اس کے بعد ہی کمیٹی کے درست نتائج اور سفارشات کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
جب ان سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر کمبھ کی تیاریوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو جو بھیڑ آئی تھی وہ مونی اماوسیہ، بسنت پنچمی اور ماگھی پورنیما پر آنے والی بھیڑ سے زیادہ تھی۔ اس لیے اس صورت حال کا تصور بھی نہیں کیا گیا تھا۔ ہفتہ کو بھی 2500 اضافی ٹکٹوں کی بکنگ کے بعد ریلوے نے اسی مناسبت سے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹر ویشنو نے کہا کہ آپریٹنگ مینول میں ایک جامع تبدیلی کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ ہی اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں مسافروں کی بھیڑ کو سنبھالنے کے لیے ایک مینول بھی تیار کرنا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں ریلوے وزیر نے اعتراف کیا کہ تہواروں اور کمبھ میلوں کی وجہ سے مختلف مقامات پر عام مسافروں کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیشن کی بحالی کا منصوبہ تیار کرنا ہوگا۔