سرینگر//
مرکزی وزیر مملکت برائے کھیل نیستھ پرمانک کا کہنا ہے کہ کشمیر میں بہت جلد پوری طرح سے امن و شانتی کا ماحول قائم ہوگا۔
مرکزی وزیرنے کہا کہ کشمیر کے نوجوان تمام شعبہ ہائے حیات میں آگے ہیں اور یہاں کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔
پرمانک نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز بارہمولہ میں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’کھیل کے شعبے میں بھی کہیں کشمیر پیچھے نہ رہ جائے اس کیلئے بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کا کام زیادہ سے زیادہ ہو رہا ہے ‘‘۔
مرکزی وزیر کا کہنا تھا’’یہاں کے کھلاڑیوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور حکومت ان کو قومی سے لے کے بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے ‘‘۔
پرمانک نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان انٹرپرینیور سے لے کر کھیل تک کے تمام شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا’’جس طرح ملک بھر میں امن و شانتی کا ماحول چھایا ہوا ہے اسی طرح کشمیر میں بھی کچھ دنوں کے اندر پوری طرح سے امن و شانتی کا ماحول قائم ہوگا۔‘‘