حیدرآباد8جنوری(یواین آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے وشاکھاپٹنم میں دو لاکھ کروڑ روپے سے زائد کے کئی ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم خصوصی پرواز سے آئی این ایس ڈیگا پہنچے ۔ وزیراعلی چندرا بابو نائیڈو اور نائب وزیراعلی پون کلیان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ بعد ازاں، وہ سری پورم چوراہے پر پہنچے اور وہاں سے ، تینوں نے اے یو انجینئرنگ کالج گراؤنڈ تک روڈ شو میں حصہ لیا۔ نریندر مودی نے ورچوئل طر یقہ سے مختلف کاموں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔ اس دورہ کے دوران، وزیر اعظم نے انکا پلی ضلع میں قائم کیے جانے والے گرین ہائیڈروجن ہب کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم نے کئی سڑکوں اور ریلوے کے کاموں اور 10 سے زائد دیگر پراجکٹس کا سنگ رکھا۔ اس کے علاوہ چھ نئی تعمیر شدہ اور توسیع شدہ سڑکوں اور ریلوے لائنس کو قوم کے لیے وقف کیا۔ ریاست میں مخلوط حکومت کے قیام کے بعد یہ ان کا ریاست کا پہلا دورہ ہے ۔