واشنگٹن//
امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ہم روس پر پابندیاں لگانا اور یوکرین کی مدد کرنا جاری رکھیں گے۔
وائٹ ہاوس سے جاری کئے گئے تحریری بیان کے مطابق بائیڈن اور ٹروڈو نے لاس اینجلس میں منعقدہ 9 ویں امریکی ممالک سربراہی اجلاس کے دائرہ کار میں دو طرفہ ملاقات کی۔
مذاکرات میں علاقائی تعاون، کورونا وائرس وباء، ہجرت اور غذائی تحفظ جیسے موضوعات پر بات چیت کی گئی۔روس۔یوکرین جنگ کے حوالے سے دونوں سربراہان نے روس پر پابندیاں جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
بائیڈن اور ٹروڈو نے جنگ سے متاثرہ لاکھوں یوکرینیوں کے لئے اقتصادی ترقی اور انسانی امداد کی کوششوں پر بات کی اور کہا ہے کہ ہم یوکرین کی دفاعی امداد جاری رکھیں گے۔
بائیڈن نے روس پر پابندیوں کے معاملے میں تعاون کرنے پر کینیڈا حکومت کو سراہا اور کہا ہے کہ میں، رواں مہینے کے آخر میں میڈریڈ میں متوقع نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران، وزیر اعظم ٹروڈو کے ساتھ ملاقات کا بے صبری سے منتظر ہوں۔
دونوں سربراہان نے رسدی زنجیر کے موضوع پر بھی بات کی اور 2050 تک ‘صفر کاربن’ کے ہدف پر بھی غور کیا۔