سرینگر/ 23 دسمبر
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سرینگر سے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے پیر کے روز سرینگر کے گپکار علاقے میں وزیر اعلی عمر عبداللہ کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر موجودہ ریزرویشن پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پی ڈی پی رہنما وحید الرحمن پرہ اور التجا مفتی سمیت دیگر بھی احتجاج میں شامل ہونے کے لئے موقع پر پہنچےں۔
آغا روح اللہ نے برن ہال اسکول سے احتجاجی مارچ شروع کیا اور جموں و کشمیر میں ریزرویشن پالیسی میں معقولیت کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلی کی رہائش گاہ کے باہر پہنچے۔
پی دی پی کے شیخ خورشید اور وحید الرحمان پرہ سمیت اراکین اسمبلی نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ پی ڈی پی رہنما اور محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
قبل ازیں میر واعظ عمر فاروق نے کہا تھا کہ اگر انتظامیہ اجازت دے تو وہ بھی احتجاج میں شامل ہوں گے۔
سرینگر سے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے اتوار کے روز لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ وزیر اعلی عمر عبداللہ کی رہائش گاہ کے باہر پرامن اور باوقار طریقے سے احتجاج میں شامل ہوں۔
جموں کشمیر میں ریزرویشن پالیسی کو منسوخ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے اور اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن، کئی رہنماو¿ں اور سیاسی جماعتوں نے احتجاج کی حمایت کی ہے۔
اس سال کے اوائل میں اسمبلی انتخابات سے پہلے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ کی جانب سے متعارف کرائی گئی پالیسی میں جنرل کیٹیگری کو گھٹا کر 40 فیصد کر دیا گیا تھا، جو آبادی کی اکثریت ہے، اور ریزرو کیٹیگریز کے لیے ریزرویشن بڑھا کر 60 فیصد کر دیا گیا تھا۔