سرینگر//
جموںکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ‘ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ سرما کے دوران لوگوں کو کسی بھی پریشانی سے دوچار نہیں ہونے دیا جائے گا۔
چودھری نے کہا کہ ممکنہ برف باری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا ایک میٹنگ کے دوران تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
چودھری نے کہا’’وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر ہم نے موسم سرما کی تیاریوں بالخصوص برف باری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جس میں اراکین اسمبلی و دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا’’موسم بگڑ رہا ہے ہم دعا کرتے ہیں اس سال بھی مناسب برف باری ہو، ہم نے آج برف صاف کرنے کے حوالے سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں تمام معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی‘‘۔
چودھری نے کہا کہ برف باری میں لوگوں کو پانی، بجلی و دیگر تمام تر سہولیات فراہم رکھی جائیں گی تاکہ ان کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں موجود تمام ارکان اسمبلی اور افسروں نے اپنی اپنی ذمہ داریاں لیں۔
نائب وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا’’لوگوں کو راحت پہنچانے کی تمام تر کوششیں کی جائیں گی تاکہ وہ یہ محسوس کرسکیں کہ یہاں ان کی چنی ہوئی سرکار ہے ۔‘‘