راولپنڈی//پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد کے لیے چیمپئنز ٹی 20 کپ ان کے اینگرو ڈولفنز اسکواڈ میں بین الاقوامی سطح کے ٹی 20 کرکٹ کے انداز کو شامل کرنے کا ایک اچھا موقع ہے ، ٹورنامنٹ 7 دسمبر سے راولپنڈی سٹیڈیم میں شروع ہو گا، یہ ایونٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے کے منصوبوں کا تسلسل ہے اور اس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی معیار کے درمیان فرق کو کم کرنا ہے۔
اس حوالے سے اینگرو ڈولفنز کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پی سی بی ان ایونٹس کے ذریعے ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کو مثالی مواقع فراہم کر رہا ہے ، امید ہے کہ کھلاڑی ٹی 20 کرکٹ اسی طرح کھیلیں گے جس طرح بین الاقوامی سطح پر کھیلی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں ہم اچھا پرفارم نہیں کر سکے لیکن کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی جن میں سفیان مقیم اور قاسم اکرم شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ ڈولفنز کے کھلاڑی بہت ذہین ہیں اور تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ٹورنامنٹ میں فاسٹ باؤلر احسان اللہ توجہ کا مرکز ہوں گے جنہوں نے پاکستان سپر لیگ 2023 میں 22 وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے ملتان سلطان رنر اپ رہی اور انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ احسان اللہ نے پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور امید ہے وہ کہنی کی تکلیف سے جلد چھٹکارا حاصل کر کے دوبارہ ایکشن میں دکھائی دیں گے ، سعود شکیل سے توقع ہے کہ وہ آصف علی، فہیم اشرف، عمر امین اور نئے آنے والے مرزا طاہر بیگ جیسے پاور ہٹرز کے ساتھ ایک مستحکم بیٹنگ لائن اپ بنائیں گے، وکٹ کیپر بیٹر محمد اخلاق بھی سلوگ اوورز کی بیٹنگ کو تقویت دیں گے ، ہماری بائولنگ لائن بہت مضبوط ہے اور سلمان ارشاد ، فہیم اشرف، کاشف علی، نوجوان خبیب خلیل شایان شیخ جیسے باصلاحیت بائولر سکواڈ کا حصہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے لیے ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے۔