سرینگر//
میرواعظ عمر فاروق نے وادی سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کی کوششوں کے حصے کے طور پر کشمیر میں منشیات فروشوں کی املاک کو ضبط کرنے کے انتظامیہ کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔
میر واعظ نے ان باتوں کا اظہار عید گاہ میں مسجد علی ثانی میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔
عمرفاروق نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے پولیس کی تیز تر کوششوں کو سراہا اور متعدد منشیات فروشوں کی حالیہ گرفتاریوں اور ان کی املاک کو ضبط کرنے کاخیر مقدم کیا۔
میرواعظ نے کہا کہ انتظامیہ کو فیصلہ کن قدم اٹھاتے ہوئے دیکھنا حوصلہ افزا ہے۔ ان کاکہنا تھا’’جب معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے (حکام کی طرف سے) اچھے اقدامات کیے جاتے ہیں تو سب کو ان کی تعریف کرنی چاہئے‘‘۔
عمرفاروق نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں یہ وبا تشویش ناک حد تک بڑھ گئی اور اب ہزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں ہمارے نوجوان اس لت میں پھنس گئے ہیں۔
میرواعظ نے کہا’’سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے کوششیں ضروری ہیں خاص طور پر سماج سے منشیات کے وبا کو ختم کرنے کے لئے ہمیں اجتماعی طور پر کوششیں کرنی چاہئے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’اس بدعت کو ختم کرنے کیلئے مساجد کمیٹیوں کو سرگرم ہونا چاہئے اور اپنے علاقوں کے سکولوں، ٹیویشن سینٹروں اور دیگر مقامات پر خصوصی نظر گذر رکھنی چاہئے ‘‘۔
میر واعظ نے کہا کہ یہ معاملہ اب تشویش ناک حد تک بڑھ گیا ہے اور اب بات ہزاروں کی نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں ہمارے نوجوان اس لت میں پھنس گئے ہیں۔
عمرفاروق نے کہا’’سماج کے ہر فرد خاص طور پر ائمہ اور خطبا حضرات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے خلاف اپنا اپنا کر دار ادا کریں‘‘۔
میرواعظ نے کہا’’جو بین ریاستی نیٹ ورک ہے اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے جس کا عوام اپنا بھر پر تعاون فراہم کرے گا۔‘‘