چھپرہ،// بہار میں ضلع سارن کے نگر تھانے کی پولیس نے اے ٹی ایم کو کلون کرکے رقم نکالنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
سارن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کمار آشیش نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ گشت کے دوران موصول ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے راجندر سروور کے نزدیک چھاپہ مارا اور چار لوگوں کو حراست میں لیا۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل سے اے ٹی ایم کلون کرکے رقم نکالی گئی۔ گرفتار شخص سے نقد رقم نکالنے اور اے ٹی ایم مشین سے چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو اور تصویر موصول ہوئی ہے ۔ انہوں نے اے ٹی ایم سے غلط طریقے سے رقم نکالنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ان لوگوں کا ایک گروہ ہے جو کہ مختلف طریقوں سے اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کی تربیت حاصل کر کے اے ٹی ایم سے چھیڑ چھاڑ کرتا ہے اور عام لوگوں سے رقم چوری کرتے ہیں ۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ضابطہ انصاف کی دفعہ 319(2)/318(4) 338/336(3)/340(2) کے تحت ایف آئی آر درج کرکے کچہری اسٹیشن روڈ، نگر تھانہ کے باشندے راجیو کمار اور مادھورا تھانہ علاقہ کے تیز پوروا گاؤں کے باشندے ابھیشیک، روی کمار اور انوپم شکلا کو جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چاروں گرفتار مجرموں کے خلاف سارن میں متعدد مقدمات درج ہیں۔