نئی دہلی// حج کمیٹی آف انڈیا نے 25 نومبر کے سرکلر کے ذریعے حج بیت اللہ 2025 کے محرم کوٹہ کے لیے درخواست دینے کی خواہشمند خواتین عازمین حج کے لیے آن لائن حج درخواست کا عمل پھر سے کھول دیا ہے ۔ درخواستیں داخل کرانے کی تاریخ 9 دسمبر 2024 تک مقرر کی گئی ہے ۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی طرف سے جاری کردہ پریس بیان میں یہ اطلاع دی گئی ہے ۔
پریس ریلیز کے مطابق ایسی خواتین جو حج بیت اللہ کا ارادہ رکھتی ہیں اور جن کا محرم اس سال حج نہیں کرنے جا رہا ہے ۔ مگر حج کے لیے منتخب ہو چکے ہیں لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر وہ خواتین اپنی درخواستیں جمع نہیں کر سکی ہیں ، اب محرم کوٹہ کے تحت وہ 9 دسمبر 2024 تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ Haj Committee.gov.in پر حج درخواستیں جمع کر سکتی ہیں۔ خواتین کے پاس کم از کم 15 جنوری 2026 تک کارآمد پاسپورٹ ہونا ضروری ہے اور یہ کہ انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا، پرائیویٹ ٹور آپریٹر یا کسی اور ذریعہ سے حج نہیں کیا ہوگا۔ انتخاب ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
حج 2025 کے لیے ویٹنگ لسٹ میں شامل عازمین حج میں سے 625 درخواست دہندگان کو بھی حج بیت اللہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ، حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے ایسے تمام درخواست دہندگان کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے تمام ضروری معلومات فراہم کی ہیں اور ان کے لئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور اس سال خواتین درخواست دہندگان کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے ۔
ویٹنگ لسٹ میں منتخب تمام درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ حج اخراجات کی پہلی قسط 1,30,300/- روپے اور 1,42,000/- روپے کی دوسری قسط کل 2,72,300/- روپے 16 دسمبر 2024 تک کریڈٹ کے ذریعے ادا کریں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر، ڈیبٹ کارڈ، نیٹ بینکنگ یا یو پی آئی یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا میں حج کمیٹی کے اکاؤنٹ کے ذریعے ۔ براہ کرم اپنا بینک حوالہ نمبر لکھیں اور اسے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں 18 دسمبر 2024 تک جمع کرا دیں۔
اس کے ساتھ ہی تمام منتخب درخواست دہندگان جنہوں نے پہلی قسط جمع کرائی ہے ، انہیں 16 دسمبر 2024 تک 1,42,000/- روپے کی دوسری قسط کی رقم بھی جمع کرانی ہوگی۔
ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے کہا ہے کہ حج اخراجات کی بقیہ اور تیسری قسط کا اعلان ہوائی سفر کے اخراجات، سعودی عرب میں قیام اور دیگر اخراجات کو حتمی شکل دینے کے بعد کیا جائے گا اور حج کمیٹی کی جانب سے سفری نقطہ کے مطابق کل اخراجات کی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔