نئی دہلی//دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے منگل کو کہا کہ آلودگی کم کرنے کے لیے مصنوعی بارش کی فوری ضرورت ہے ۔
مسٹر رائے نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو کو خط لکھا ہے ۔ انہوں نے خط میں کہا، ‘‘چاہے وہ اتر پردیش ہو، ہریانہ، پنجاب، راجستھان یا بہار، آج پورا شمالی ہندوستان آلودگی کی زد میں ہے اور آسمان پر اسموگ کی چادر چھائی ہوئی ہے ۔ ماحول میں موجود آلودہ ذرات بوڑھوں اور بچوں کی سانس لینے پر اثر انداز ہو رہے ہیں اور ان کی زندگیوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ دہلی این سی آر میں گروپ 4 پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔ ہم دہلی میں آلودگی کو کم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہرین سے بات چیت کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اگر ہمیں اس کہرے کو توڑنا ہے تو ہمیں مصنوعی بارش کرنی پڑے گی۔ اس لیے آج پھر میں نے مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو کو ایک خط لکھا ہے کہ وہ فوری طورپر دہلی حکومت اور آئی آئی ٹی کانپور کے ماہرین کی میٹنگ بلائیں جنہوں نے مصنوعی بارش پر تحقیق کی ہے ۔ اس کے ساتھ متعلقہ محکموں کا مشترکہ اجلاس بلائیں جن سے اجازت کی ضرورت پڑے گی اور مصنوعی بارش کے حوالے سے جلد فیصلے کریں۔