سڈنی//آسٹریلیا کے لیجنڈری بلے باز ڈیوڈ وارنر نے میکے میں آسٹریلیا اے اور انڈیا اے کے درمیان کھیلے گئے پہلے غیر رسمی ٹیسٹ کے آخری دن گیند کو تبدیل کرنے سے متعلق تنازع پر کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) سے وضاحت کی مانگ کی ہے۔
وارنر کی گیند کے تنازع پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا “حتمی فیصلہ سی اے کو کرنا ہے۔ میرے خیال میں سی اے نے جلد سے جلد اس معاملے کو دبا دیا کیونکہ ہندوستانی ٹیم یہاں آنے والی ہے۔ اگرچہ مجھے لگتا ہے کہ اگر امپائرز کو محسوس ہوتا ہے کہ کچھ ہوا ہے تو مجھے یقین ہے کہ اس سلسلے میں کچھ اور کارروائی کی جائے گی۔ امپائر یا میچ ریفری کو سامنے آکر تمام سوالوں کے جواب دینے چاہئیں۔
انہوں نے کہا ’’میرے خیال میں میچ ریفری کو اپنے عملے یعنی امپائرز سے بات کرنی چاہیے۔ اگر وہ امپائر کے فیصلے سے متفق ہیں تو آپ کو بھی اس کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔ سی اے کو واضح طور پر اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرنا چاہیے۔ اب تک، میں نے سی اے کی طرف سے ایسا کچھ ہوتا نہیں دیکھا۔‘‘
واضح رہے کہ میک میں غیر رسمی ٹیسٹ کے آخری دن کے آغاز سے قبل جب نئی گیند ہندوستانی ٹیم کے حوالے کی گئی تو ہندوستانی کھلاڑی اور خاص طور پر ایشان کشن امپائروں سے کافی ناراض نظر آئے۔ اسٹمپ کے مائیکروفون میں قید آواز میں امپائر شان کریگ کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ پچھلی گیند پر بہت زیادہ خراشیں ہیں جب کہ کشن کو گیند کو تبدیل کرنے کے فیصلے کو احمقانہ قرار دیتے ہوئےسنا گیا۔
آسٹریلیا کے سابق جارحانہ بلے باز ڈیوڈ وارنر کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) 2024-25 کے لیے سڈنی تھنڈر کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
سال2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بال ٹیمپرنگ کرنے پر وارنر پر تاحیات کپتانی سے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ ڈیوڈ وارنر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔ حال ہی میں ڈیوڈ وارنر نے کپتانی پر پابندی کے خلاف اپیل کی تھی۔ جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے کوڈ آف کنڈکٹ کمیشن نے ان پر عائد پابندی ختم کردی۔
ریویو پینل نے کہا، "وارنر کے جوابات کے قابل احترام اور پشیمان لہجے نے ریویو پینل کو متاثر کیا اور انہیں اپنے طرز عمل پر بہت افسوس ہے۔”
اس کے بعد انہیں سڈنی تھنڈر کا کپتان بنانے کا اعلان کیا گیا۔
سڈنی تھنڈر کا کپتان بنائے جانے پر ڈیوڈ وارنر نے کہا، ’’میرے لیے ایک بار پھر سڈنی تھنڈر کی کپتانی کرنا بہت معنی رکھتا ہے۔ میں شروع سے ہی اس ٹیم کا حصہ رہا ہوں۔ ٹیم میں بطور کپتان واپسی سے میں بے حد خوش ہوں۔
وارنر نےاس سے قبل سال 2011 میں ایک مرتبہ تھنڈر کی قیادت کی تھی اور میلبورن اسٹارس کے خلاف ناٹ آوٹ 102 رن کی اننگز کھیلی تھی۔