نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایم ایل اے ونے مشرا نے پیر کو دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی) کے وائس چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ دہلی کے لوگوں کو صاف اور مفت پانی فراہم کرنا ان کی ترجیح ہوگی۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد مسٹر مشرا نے کہا کہ گندی سیاست کی وجہ سے بی جے پی نے ڈی جے بی کو پچھلے ایک سال سے معذور بنا دیا تھا اور پانی کی فراہمی اور سیوریج کی صفائی کا کام ٹھپ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کی رہنمائی میں جل بورڈ دوبارہ پٹری پر آئے گا اور ہم جلد ہی دہلی کے لوگوں کے پانی اور سیوریج کے مسائل کو حل کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں جلائی جانے والی پرالی اور وہاں سے جمنا میں چھوڑا جانے والا صنعتی فضلہ دہلی میں ہوا اور آبی آلودگی کا سبب بن رہا ہے ۔
مسٹر مشرا نے کہا کہ دہلی کو پچھلے ایک سال سے چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے دہلی کے کاموں کو روکنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔ گزشتہ ایک سال سے ہر محکمے کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔ دہلی جل بورڈ بھی پچھلے ایک سال سے اپاہج تھا لیکن اب اروند کیجریوال باہر آگئے ہیں اور ان کے آنے کے بعد دہلی میں جنگی پیمانہ پر کام جاری ہے ۔ سڑکوں کی مرمت کی جارہی ہے اور اب دہلی جل بورڈ بھی جلد ہی پٹری پر واپس آجائے گا۔ سیوریج اور پانی کے مسائل جلد حل کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جمنا میں جھاگ کی تصویریں ہریانہ کی طرف کی ہیں۔ جب بی جے پی صدر نے جمنا میں ڈبکی لگائی تو جھاگ نظر نہیں آیا۔ یہ لوگ صرف افواہیں پھیلاتے ہیں۔ دہلی حکومت پوری کوشش کر رہی ہے ۔ چھٹھ پوجا ہمارے لیے ایک بڑا پروگرام ہے اور حکومتی سطح پر ہر گھاٹ پر ٹینٹ، ساونڈ سمیت تمام انتظامات کیے جاتے ہیں۔ جمنا پر بھی چھٹھ پوجا کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں گے ۔