ہم میںیہی ایک مسئلہ ہے اور… اور سو فیصد ہے کہ ہم آنکھیں بند کرکے باتیں کرتے ہیں… اور ہاں بنا سوچے سمجھے بھی ۔اب اپنے بخاری صاحب… الطاف بخاری صاحب کو ہی لیجئے … یہ جناب جو اسمبلی الیکشن میں ہوئی ہار… ذلت آمیز ہار کے صدمے سے ابھر رہے ہیں ‘ ابھر نے کی کوشش کررہے ہیں اور…اور اسی کوشش میں یہ جناب نہ جانے کہاں سے ہفتوں بعد نمودار ہو ئے اور… اور فرمانے لگے کہ کشمیر میں سیاسی ماحول بدلنے کے اشارے مل رہے ہیں… ہم سمجھ گئے تھے کہ یہ اپنی ہار کی بات کررہے ہیں … بخاری صاحب یہ کہنا چاہتے ہیں کہ الیکشن کے بعد اے ‘ بی ‘ سی اور ڈی ٹیموںکا خاتمہ ہونے لگا ہے اور… اور اسی کو یہ جناب بدلاؤ کہہ رہے ہیں… لیکن صاحب ہم غلط تھے… کہ بخاری صاحب کا اشارہ کسی اور جانب تھا … اس جانب تھا کہ میر واعظ عمر فاروق کو پانچ سال بعد اپنے حریت کانفرنس کے ساتھیوں سے ملنے کی اجازت دی گئی اور… اور اسی کو بخاری صاحب بدلاؤ کہہ رہے ہیں۔اب ہماری اس نا سمجھ ‘ سمجھ میں یہ بات نہیں آ رہی ہے کہ اس ملاقات سے اپنے بخاری صاحب کو سا بدلاؤ نظر آیا یا اس کا اشارہ مل گیا ؟مانا کہ یہ سیاست میں اتنے پرانے نہیں ہیں…لیکن صاحب یہ بھی تو حقیقت ہے کہ … کہ یہ جناب اتنے نئے بھی نہیں ہیں کہ… کہ جو ان کی نا سمجھ، سمجھ میں یہ بات نہیں آئے کہ… کہ یہ کشمیر ہے‘ کشمیر یہاں جو نظر آتا ہے وہ حقیقت نہیں ہوتی ہے اور… اور جو حقیقت نہیں ہو تی ہے وہ نظر نہیں آتا ہے… اس کو دیکھنے کیلئے ایک نظر ہونی چاہیے … ایک خاص نظر … کیا وہ نظر بخاری صاحب کو عطا ہوئی ہے‘ ہم نہیں جانتے ہیں … بالکل بھی نہیں جانتے ہیں سوائے…سوائے اس ایک بات کے کہ … کہ یہ یہاں جو نظر آتاہے اصل میں وہ ہوتا نہیں ہے… اور جو اصل میں ہو تا ہے ‘ اللہ میاں کی قسم کسی کو نظر نہیں آتا ہے … بالکل بھی نہیں آتا ہے۔ جس طرح ان کو یہ نظر نہیں آرہا ہے کہ ایسا کیا ہوا کہ… کہ اچانک سے پانچ برسوں بعد عمر فاروق کو اپنے ساتھیوں سے ملنے دیا گیا… اور اُن لوگوں نے ملنے دیا جنہوں نے ان پانچ برسوں میں انہیں ملنے سے روکے روکے رکھا تھا؟اگر بخاری صاحب یہ سوچ رہے ہیں کہ یہ بدلاؤ یا بدلاؤ کے اشارے اس لئے مل رہے ہیں کیوں کہ اپنے گورے گورے بانکے چھورے اب مسند اقتدار پر ہیں تو… تو پھر ہم اتنا ہی کہیں گے کہ… کہ بخاری صاحب پہلے چیزوں کو دیکھنے کا نظریے بدلیں پھر سیاسی بدلاؤ کی باتیں کریں۔ناہے؟