سرینگر//
جموں کشمیر حج کمیٹی نے حج۲۰۲۵ کے تمام عازمین حج کی جانکاری کیلئے آج مطلع کیا کہ ایک لاکھ ۳۰ ہزار ۳۰۰(صرف ایک لاکھ تیس ہزار اور تین سو)روپے کی ایڈوانس حج رقم جمع کرنے کی آخری تاریخ کو حج کمیٹی آف اِنڈیا ممبئی نے سرکلر نمبر ۱۰ تاریخ ۲۱؍ اکتوبر۲۰۲۴ کے تحت۳۱ ؍اکتوبر ۲۰۲۴ ء تک توسیع کی ہے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عارضی طور پر منتخب عازمین حج درخواست فارم (ایچ اے ایف)پیشگی حج رقم جمع کرنے کے بعد سولمن ڈیکلریشن اینڈ انَڈر ٹیکنگ ، پے ان سلپ/ آن لائن رسید کی کاپی، میڈیکل سکریننگ اور فٹنس سر ٹیفکیٹ (ویب سائٹ پر دستیاب فارمیٹ کے مطابق بین الاقوامی پاسپورٹ کی خود تصدیق شدہ کاپی اور ون پاسپورٹ سائز فوٹو گراف (وائٹ بیک گرائونڈ وین متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے آفس حج سیکشن میں۵ ؍نومبر۲۰۲۴ ء تک جمع کریں۔
تاہم ضلع سری نگر کے عارضی طور پر منتخب عازمین مذکورہ دستاویزات کو ۵؍نومبر ۲۰۲۴ ء تک یا اس سے پہلے براہ راست حج ہاؤس بمنہ سری نگر میں جمع کریں گے۔
اِس کے علاوہ تمام منتخب عازمین حج کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ حج کمیٹی آف اِنڈیا کی ویب سائٹ سے میڈیکل سکریننگ اور فٹنس سر ٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کریں اور طبی معائینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل آفیسر سے جاری کردہ اسے حاصل کریں۔