لکھنؤ: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں شروع ہونے والی یوپی انوسٹر سمٹ کی تیسری گراونڈ بریکنگ سریمنی(جی بی سی) میں شرکت کریں گے اور بعد میں کانپور دیہات میں صدرجمہوریہ کووند کے گاؤں پرونکھ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔
یوگی حکومت کے دوسرے میعاد کار کی پہلی گراونڈ بریکنگ سریمنی اندرا گاندھی پرتشٹھان میں شروع ہوگی جس میں ملک کے نامور کاروباری شرکت کریں گے۔ انوسٹر سمٹ میں 80ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کی تقریبا 1406 پروجکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
آفیشیل ذرائع نے نے جمعرات کو بتایا کہ وزیر اعظم کل یو پی پہنچ کر تیسری گراونڈ بریکنگ سریمنی میں شرکت کریں گے۔ سریمنی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کرنے کے بعد مودی کانپور دیہات کے پرونکھ گاؤں کے لئے روانہ ہوجائیں گے اور دوپہر تقریبا پونے دو بجے وہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے ساتھ پتھری ماتامندر کا درشن کریں گے۔
مودی تقریبا دو بجے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر بھون جائیں گے جس کے بعد وہ صدرجمہوریہ کے آبائی رہائش’ملن کیندر‘ پہنچیں گے۔ صدرجمہوریہ نے یہ مرکز عوام کو وقف کردیا ہے اور اسے کمیونٹی سنٹر کے طور پر تبدیل کردیا گیا ہے۔ مودی دوپہر ڈھائی بجے پرونکھ گاؤں میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
گراونڈ بریکنگ سریمینی میں وزیر اعظم 80کروڑروپئے سے زیادہ کی 1406 پروجکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔پروجکٹوں میں زراعت،آئی ٹی اور الکٹرانکس، ایم ایس ایم ای، مینوفیکچرنگ،قابل تجدید توانائی،فارما، سیاحت، دفاع و ائیر فورس، ہینڈلوم وکپڑا وغیرہ جیسے مختلف شعبے شامل ہیں۔ اس تقریب میں ملک کے کاروباری شعبے کے معروف سرمایہ کار شرکت کریں گے۔