الیکشن… جموں کشمیر میں اسمبلی الیکشن قریب آ رہے ہیں… قریب تر ۔ جتنے قریب یہ آ رہے ہیں ‘اتناہی ہم دور جا رہے ہیں… اس حقیقت اور سچائی سے دور جا رہے ہیں کہ آخر ان انتخابات میں ہو گا کیا … کئی دہائیوں بعد یہ ایسا پہلا الیکشن ہے جس نے ہمیں امتحان میں ڈال دیا ہے… اور شاید آپ کو بھی کہ آخر ہو گا کیا… الیکشن جب دو ر تھے… بہت دور نہیں ‘ لیکن کچھ دور تھے تو… تو کوئی کنفیوژن نہیں تھا… دیوار پر لکھی تحریر بالکل واضح تھی… صاف تھی… قلب و ذہن میں کوئی کنفیوژن ‘ کوئی انتشار نہیں تھا… لیکن صاحب اب جبکہ پہلا مرحلہ ایک ہفتے کی دوری پر ہے‘ ہم آج کچھ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ یہ کیا ہو رہا ہے اور… اور کیا ہو گا ۔ این سی اور کانگریس کے اتحاد… الیکشن سے پہلے کے اتحاد کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ…کہ ۸؍اکتوبر کو جب نتائج آئیں تو وہ اس گٹھ جوڑ کے حق میں ہوں گے اور… اور سو فیصد ہوں گے… لیکن…لیکن جب نظر پڑ رہی ہے… پردے کے آگے اور پیچھے ہونے والی چالبازیوں ‘ سازشوں اور منصوبوں پر نظر پڑ رہی ہے تو… تو۸؍اکتوبر کی صورتحال واضح طور پر بدلتی دکھائی دے رہی ہے اور… اور ایک غیر واضح اور مبہم تصویر یا شبیہ ہمارے سامنے آتی ہے… ایک دھندلی سی تصویر … یقینا ہمیں کنفیوژن ہے ‘ انتشار ہے … لیکن اُن میں کوئی کنفیوژن ہے اور نہ انتشار ہے جو یہ چب کچھ کررہے ہیں… لوک سبھا الیکشن نے انہیں جو سبق سکھایا … انہوں نے وہ سبق فوراً سیکھ لیا اور… اور گھوڑوں … لنگڑے گھوڑوں کو ریس سے ہٹا کر ان کی جگہ نئے گھوڑے ریس میں ‘ دوڑ میں شامل کئے ہیں… یقینا ان گھوڑوں کا بھی انجام پہلے گھوڑوں جیسا ہی ہو سکتا ہے… لیکن… لیکن ایسا ہی ہو یہ ضروری نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کیونکہ کشمیر ی… ایک کشمیری جلد دام فریب میں آتا ہے…اور جب تک وہ سنبھل جاتاہے… بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔لوک سبھا الیکشن میں بارہمولہ میں … شمالی کشمیر میں جو ہوا …جب تک وہ کشمیریوں کی سمجھ میں آتا … دیر ہو چکی تھی … پہلے سمجھ جاتے تو… تو اس حلقے کے نتائج کچھ اور ہوتے … لیکن کیا کیجئے گا کہ کشمیری جال میں آگئے … پھنس گئے … اتنے پھنس گئے کہ اب پوری وادی میں ان کیلئے یہ جال بچھادیا گیا ہے …جال بچھایا جارہا ہے… پہلے شمالی کشمیر اور اب کیا پورا کشمیر جال میں آجائیگا ؟ہم نہیں جانتے ہیں اور… اور اس لئے نہیں جانتے ہیں کہ … کہ الیکشن قریب آنے کے ساتھ ساتھ جوابات دور اور بے شمار سوالات قریب آ رہے ہیں ۔ ہے نا؟