نئی دہلی//بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے راجیہ سبھا کے رکن سوجیت کمار جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے ۔
مسٹر سوجیت کمار نے بی جے پی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ، مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، پارٹی کے اڈیشہ امور کے انچارج وجے پال تومر، سینئر رکن پارلیمنٹ بھرتری ہری مہتاب، بی جے پی کے قومی میڈیا سربراہ انل بلونی کی موجودگی میں بی جے پی کی رکنیت لی۔
اوڈیشہ کے کالاہانڈی کے رہنے والے مسٹر سوجیت کمار نے پہلے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ سیاست میں آنے سے پہلے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اقوام متحدہ سمیت کئی بین الاقوامی اداروں میں کام کر چکے ہیں۔
بی جے پی کے کنبے میں مسٹر سوجیت کمار کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر پردھان نے کہا ” مسٹر سوجیت کمار محنتی، حساس اور سماجی کارکن ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت، پالیسیوں، نظریات اور منصوبوں سے متاثر ہو کر مسٹر سوجیت کمار بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ایک حریف سیاسی پارٹی میں ہونے کے باوجود مسٹر سوجیت کمار نے ہمیشہ وزیر اعظم کے عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں کی تعریف کی ہے ۔ انہوں نے اڈیشہ کے ترقیاتی اور عوامی بہبود کے کاموں کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔ مسٹر سوجیت کمار وزیر اعظم کے ‘‘ترقی یافتہ ہندوستان’’ کے ویژن کو پورا کرنے میں اپنا رول ادا کریں گے ۔
بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد مسٹر سوجیت کمار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان اور 2036 تک ترقی یافتہ اڈیشہ کے ہدف اور ویژن نے انہیں ہمیشہ متاثر کیا ہے ۔ وہ سال 2020 میں بی جے ڈی سے راجیہ سبھا کے رکن بنے ۔ انہوں نے مسٹر مودی، بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مسٹر پردھان، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری مسٹر سنگھ اور مسٹر وجے پال تومر کا شکریہ ادا کیا۔