بیونس آئرس//
برازیل کی شمال مشرقی ریاست پرنامبوکو میں شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 91 ہو گئی ہے جب کہ درجنوں لاپتہ ہیں۔ برازیل کے نیوز پورٹل جی ون نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ 26 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جب کہ تقریباً 5000 لوگ اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں۔
مقامی میڈیا نے پیر کے روز بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 84 تھی۔ پرنامبوکو کی 14 میونسپلٹیوں نے ریاست کی راجدھانی ریسیف سمیت ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر جائر بولسونارو نے پیر کے روز متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور اعلان کیا کہ مرکزی حکومت متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے ایک بلین ریئلز (تقریباً 210.6ملین امریکی ڈالر) واگزار کرے گی۔
انہوں نے کہا "ہم سب واضح طور پر غمزدہ ہیں، ہم متاثرہ اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمارا بنیادی مقصد خاندانوں کو تسلی دینا اور مادی ذرائع سے آبادی کی مدد کرنا ہے۔
بارشوں نے پڑوسی ریاست الاگواس کو بھی متاثر کیا، جہاں مقامی میڈیا کے مطابق سیلاب کی وجہ سے تین افراد ہلاک اور تقریباً 10000 بے گھر ہو گئے۔