لاہور // سابق انگلش کمنٹیٹر و کپتان مائیکل وان نے بھی پاکستان کے بنگلادیش کیخلاف تاریخی شکست پر بڑا بیان دیدیا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بنگلادیش کو پاکستان کیخلاف تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے کہا کہ ’’پاکستان کرکٹ اس وقت واقعی بڑی مشکل میں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ بنگلادیش کیلئے بہت شاندار جیت۔۔!! اعلیٰ معیار کی کارکردگی۔۔ پاکستان واقعی ایک بڑی مشکل میں ہے‘‘۔ واضح رہے کہ بنگلا دیش کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 448-6 کے باوجود پاکستانی بالنگ نے 565 رنز بنوا دیئے جس سے میچ ڈرا لگ رہا تھا لیکن ڈرامائی انداز میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں محض 146 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی اور بنگلا دیش نے 10 وکٹوں سے تاریخی فتح سمیٹ کر شائقین کے دل توڑ دیئے تھے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں شکست پاکستان کی بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ میچز میں 24 سال میں پہلی ہار تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔