واشنگٹن//
امریکہ میں جنوبی ورجینیا کے چیسٹرفیلڈ کاؤنٹی میں واقع ورجینیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
چیسٹرفیلڈ کاؤنٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12:36بجے بوائسو اسٹریٹ پر گولیاں چلنے کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد جب اہلکار موقع پر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ چار افراد کو گولی لگی ہے۔ زخمیوں میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔پولیس نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی اسپتال لے جایا گیا ہے۔یونیورسٹی نے کہا کہ پولیس افسران کے فوری ردعمل کے بعد جائے وقوعہ سے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لیے گئے دو 21 سالہ لڑکوں پر بندوق لہرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ان میں سے ایک پر بغیر اجازت کے ہتھیار لے جانے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی نے کہا کہ ’’چسٹر فیلڈ پولیس اور ورجینیا اسٹیٹ پولیس کے تعاون سے تحقیقات جاری ہیں۔‘‘