چنڈی گڑھ// پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے پیرس اولمپک کھیلوں میں جیولین تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر ہندوستانی کھلاڑی نیرج چوپڑا کو مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیرج چوپڑا نے اپنے غیر معمولی اور تاریخی کارنامے سے پورے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوپڑا نے ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی اور اب پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ اولمپک میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے جیتنے والے تمغے آنے والے مقابلوں کے لیے نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیرج چوپڑا آنے والے وقت میں کھیلوں کے مقابلوں میں نئے کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل کا کردار ادا کریں گے۔
مسٹر مان نے کہا کہ ہر کھیل میں کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کھیل کے تئیں ان کی محنت اور لگن کی عکاسی کرتی ہے۔