نئی دہلی// کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے اس بیان کو جھوٹا قرار دیا ہے جس میں انہوں نے منگل کو لوک سبھا میں کہا تھا کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے صنعت کار مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں شرکت کی تھی۔
کانگریس پارٹی نے مسٹر دوبے کے اس بیان کو کھلا جھوٹ قرار دیا اور واضح کیا کہ امبانی کے بیٹے کی شادی کے دن محترمہ واڈرا ملک میں نہیں تھیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے ایوان میں جھوٹ بولا ہے اور انہیں اس جھوٹ کے لیے عوامی طورپر معافی مانگنی چاہیے ۔
پارٹی کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے کہا، [؟]آج ایک بی جے پی ایم پی نے لوک سبھا میں سر عام جھوٹ بولا کہ محترمہ پرینکا گاندھی امبانی خاندان کی شادی کی تقریب میں شریک ہوئیں۔ یہ سراسر جھوٹ ہے نشی کانت کو عوامی طور پر معافی مانگنی چاہیے ، نہیں تو اپنا نام نشی کانت دوبے سے بدل کر نشی کانت جھوٹے رکھ لینا چاہیے ۔
کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے منگل کو مسٹر دوبے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لوک سبھا میں جھوٹ بولا ہے اور ان کا جھوٹ استحقاق کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسز واڈرا لوک سبھا کی رکن نہیں ہیں، اس لیے ان کا نام ایوان میں لینا ایوان کے قواعد کے خلاف ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ یہ بیان سراسر جھوٹ ہے اور واضح کیا کہ امبانی کے بیٹے کی شادی کے دن مسز واڈرا ملک میں نہیں تھیں۔
مسز شرینیت نے کہا، ”بی جے پی کے نشی کانت دوبے نے لوک سبھا میں کہا ہے کہ پرینکا گاندھی جی امبانی کی شادی میں گئی تھیں۔ یہ سراسر جھوٹ ہے ۔ وہ نہیں گئیں، درحقیقت وہ اس وقت ملک میں بھی نہیں تھی۔ وہ لوک سبھا کی رکن نہیں ہیں اور ایوان میں ان کا نام لینا استحقاق کی خلاف ورزی ہے ۔