ممبئی// سابق بھارتی کرکٹر اشیش نہرا کا کہنا ہے کہ اگر محدود اوورز سے کوہلی، روہت ریٹائر نہ ہوتے تو یشسوی کا سٹروک پلے صرف نیٹس میں دیکھنے کو ملتا۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ سے بھارتی کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھارت کے نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال کا نمبر بطور اوپنر آچکا ہے اور وہ اپنی پرفارمنس سے سابق کرکٹرز کی تعریفیں بھی سمیٹ رہے ہیں، اشیش نہرا بھی ان کے شاٹس کے متعرف نظر آتے ہیں۔
اشیش نہرا نے سری لنکا کیخلاف میچ کے بعد کہا کہ اجے جدیجا نے پوچھا تھا کہ جب ٹی ٹونٹی میں ویرات کوہلی اور روہت شرما اوپنر تھے تو کیا فرق تھا، میرے مطابق صرف ایک فرق تھا۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ اگر ویرات اور روہت اب بھی اس فارمیٹ میں کھیل رہے ہوتے تو ہم نے میچز میں یشسوی جیسوال کے جو بھی اسٹروک دیکھے وہ ہم نیٹ میں دیکھ رہے ہوتے، ہم نے یہ میچ میں اس لیے دیکھے کہ اب ویرات اور کوہلی اس پوزیشن پر وہاں نہیں ہیں۔
جیسوال نے زمبابوے کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں ناقابل شکست 93 رنز بنائے تھے جبکہ سری لنکا کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں انھوں نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔ خیال رہے کہ جیسوال کے ٹی ٹونٹی کیریئر کو ایک نئی زندگی مل گئی ہے، وہ شبمن گل کے ساتھ مختصر ترین فارمیٹ میں بھارت کے لیے اوپننگ کررہے ہیں، اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء میں بھارت کے لیے یہی جوڑی اننگز کا آغاز کرے گی۔