نئی دہلی// ملک میں زچگی کے دوران ماؤں کی شرح اموات ( میٹرنل مورٹیلٹی ریٹ) میں 8.8 فیصد کی کمی درج کی گئی ہے۔
رجسٹرار جنرل آف انڈیا کی طرف سے پیر کو یہاں جاری ایک خصوصی بلیٹن میں یہ معلومات دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہندوستان پائیدار ترقی کے (ایس ڈی جی ) ہدف کو پورا کرنے کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ ملک میں زچگی کی دوران ماؤں کی شرح اموات 113 سے کم ہو کر 103 ہو گئی ہے ۔ اس میں 8.8 فیصد کمی آئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد سال 2014 سے 2016 میں 130 تھی، جو سال 2015 سے 2017 میں کم ہو کر 122 ، سال 2016 سے 2018 میں کم ہو کر 113 اور سنہ 2017 سے 2019 میں کم ہو کر 103 رہ گئی ہے ۔
اس میں مسلسل گراوٹ سے ہندوستان 2020 تک 100 فی لاکھ لائو برتھ کی قومی صحت پالیسی (این پی ایچ) کے ہدف کو حاصل کرنے اور یقینی طور پر 2030 تک 70 فی لاکھ لائیوبرتھ کےایس ڈی جی ہدف کو حاصل کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ ایس ڈی جی حاصل کرنے والی ریاستوں کی تعداد اب پانچ سے بڑھ کر سات ہو گئی ہے۔ ان ریاستوں میں کیرالہ، مہاراشٹر، تلنگانہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، گجرات، کرناٹک اور ہریانہ کو شامل کیا گیا ہے ۔
پانچ ریاستوں اتراکھنڈ، مغربی بنگال، پنجاب، بہار، اڈیشہ اور راجستھان میں ایم ایم آر 100-150 کے درمیان ہے، جبکہ چار ریاستوں چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور آسام میں ایم ایم آر 150 سے زیادہ ہے۔ خصوصی بلیٹن کے مطابق تین ریاستوں کیرالہ، مہاراشٹر اور اتر پردیش میں ایم ایم آر میں 15 فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے، جبکہ چھ ریاستوں جھارکھنڈ، راجستھان، بہار، پنجاب، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 10 سے 15 فیصد کے درمیان کمی آئی ہے۔ چار ریاستوں مدھیہ پردیش، گجرات، اڈیشہ اور کرناٹک میں پانچ سے دس فیصد کے درمیان کمی آئی ہے۔
(یو این آئی)