نئی دہلی// صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا نے بدھ کو ملک بھر میں ڈینگو بخار کی صورتحال اور اس کی روک تھام، کنٹرول اور انتظام کے لیے صحت عامہ کے نظام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
مسٹرنڈا کی صدارت میں ہوئی اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ملک بھر میں ڈینگو کی صورتحال اور تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ مانسون اور برسات کے موسم کے آغاز کے ساتھ ڈینگو کے کیسوں کی تعداد میں اضافے کے خطرے سے درپیش چیلنج کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر نڈا نے ڈینگو سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگو سے بچاؤ، کنٹرول اور انتظامی اقدامات کو مضبوط بنائیں۔
مرکزی وزیر نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ ڈینگو سے متاثرہ ان ریاستوں اور علاقوں پر توجہ مرکوز کریں جہاں اس کے پھیلنے کی اکثر اطلاع ملتی ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاستوں کے ساتھ مل کر ڈینگو کی روک تھام کے لئے فعال طور پر کام کریں۔ انہوں نے خاص طور پر وزارت ہاؤسنگ اور شہری امور، دیہی ترقی کی وزارت، وزارت تعلیم اور میونسپل کارپوریشنز اور مقامی سیلف گورنمنٹ کو شامل کرتے ہوئے بین وزارتی کوآرڈینیشن کنورجنسنس پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مرکز ڈینگی کی روک تھام اور کنٹرول کی سرگرمیوں کے لیے بروقت کارروائی کے لیے ریاستوں کے ساتھ فعال طور پر رابطہ کر رہا ہے ۔ ڈینگی سے بچاؤ اور کنٹرول کے حوالے سے ان کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے مختلف بین علاقائی میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں ان سرگرمیوں کو مزید تقویت دی جائے گی۔