سڈنی// کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے طالبان حکومت کے تحت خواتین کے حقوق کے حوالے سے اپنے سابقہ موقف پر قائم رہنے پر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔
سی اے کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا کہ اس معاملے پر افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے ساتھ ‘باقاعدہ بات چیت ہوئی ہے اور امید ہے کہ دونوں فریق ‘مستقبل میں کسی وقت ایک دوسرے سے کھیل سکیں گے۔
نک ہاکلے نے کہا ہے کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے سامنے کئی بار آواز اٹھا چکے ہیں۔
خواتین کے حقوق میں تنزلی کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا افغانستان کی ٹیم کے ساتھ دو طرفہ سیریز تین بار منسوخ کر چکا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک ملک میں خواتین کے حقوق کو دبایا جائے گا اس وقت تک یہ سیریز ممکن نہیں۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے بھی میچ کے بعد صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ‘ہم اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کچھ کر سکیں’۔