پورٹ آف اسپین// نکولس پورن (75)، کپتان روومین پاول (52) اور شیرفین ردرفورڈ (47) کی شاندار اننگز اوراس کے بعد گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پریکٹس میچ میں آسٹریلیا کو 35 رنز سے شکست دے دی۔
جمعرات کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ تیسرے اوور میں ایشٹن ایگر نے شی ہوپ کو 14 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے نکولس پوران نے جانسن چارلس کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت ہوئی۔ نکولس پوران نے 25 گیندوں میں پانچ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 75 اور جانسن چارلس نے 31 گیندوں میں 40 رنز بنائے۔ کپتان پاول نے 25 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ شیرفین ردرفورڈ نے 18 گیندوں پر ناقابل شکست 47 رنز بنائے اور شمرون ہیٹمائر 18 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 257 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹم ڈیوڈ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
جواب میں 258 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں نے وکٹیں گرا کر آسٹریلیا کے رنوں کی رفتار کو پر لگام لگادیا۔ آسٹریلیا کی شروعات بھی اچھی نہیں تھی اور دوسرے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر (15) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ چوتھے اوور میں کپتان مچل مارش (4) رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ جوش انگلیس نے 30 گیندوں پر 55 اور نیتھن ایلس نے 22 گیندوں پر 39، ٹم ڈیوڈ اور میتھیو ویڈ نے 25-25 رنوں کی اننگز کھیلی۔ ایشٹن ایگر نے 13 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 222 رنز ہی بنا سکی اور 35 رنز سے میچ ہار گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف اور گڈاکیش موتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اوبید میک کوئے، عقیل حسین اور شمار جوزف نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔