سرینگر/ 18 اپریل
محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں دوران شب کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلمرگ میں 0.2 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
موصوف ایک ترجمان کے مطابق مغربی ہوا کی ایک او لہر وادی میں داخل ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل کی رات تک وادی کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 20 اپریل کو بھی کچھ مقامات پر ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں 26 اور 27 اپریل کو بھی بارشوں کا امکان ہے۔