سرینگر//
مہاراشٹر کے ناگپور کے انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) نے جموں و کشمیر سے جیش محمد (جے ایم) کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے ، جس نے مبینہ طور پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ڈاکٹر ہیڈگیوار اسمرتی بھون کی گزشتہ برس ریکی کی تھی۔
پولیس ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ اے ٹی ایس ناگپور نے جیش کے دہشت گرد رئیس احمد شیخ اسد اللہ شیخ کو جموں و کشمیر کے اونتی پورہ سے حراست میں لیا ہے ۔
اے ٹی ایس ناگپور پچھلے دو دنوں سے اس کی تفتیش کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ نے مبینہ طور پر ریشم باغ علاقے میں ہیڈگیوار اسمرتی بھون کا جزوی طور پر جائزہ لیا تھا اور پاکستان میں اپنے ہینڈلر کو عمارت کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔
چھبیس سالہ شیخ نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ عمر نامی ایک شخص جو جیش محمد کے نواب پور (پاکستان) واقع دہشت گرد لانچنگ پیڈ کا آپریشنل کمانڈر ہونے کا دعویٰ کرتا ہے اسی کے رابطے میں تھا۔
وہ۱۳جولائی۲۰۲۱کو دہلی،ممبئی،ناگپور فلائٹ سے یہاں آیا تھا اور سیتا بلدی علاقے کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔
عمر نے شیخ کو یقین دلایا تھا کہ ایک مقامی شخص ناگپور میں اس سے رابطہ کرے گا اور اس کی مدد کرے گا۔ تاہم شیخ نے خود جاسوسی کی کیونکہ ناگپور میں کسی نے ان سے رابطہ نہیں کیا، اہلکار نے بتایا۔۱۴جولائی کو شیخ گوگل میپس کی مدد سے آٹو رکشا میں ریشم باغ کے علاقے میں پہنچا۔ مقام کا انتخاب عمر کی طرف سے بھیجا گیا تھا۔
افسران نے بتایا کہ شیخ نے پھر اپنے موبائل فون کا کیمرہ آن کیا اور اسے اپنے سر کے قریب رکھا تاکہ یہ ظاہر ہو کہ وہ فون پر کسی سے بات کر رہا ہے ۔ انہوں نے چہل قدمی کرتے ہوئے ریشم باغ گراؤنڈ کا ویڈیو بنایا۔
اس نے یہ ویڈیو عمر کو بھیجی لیکن ویڈیو کے خراب معیار کی وجہ سے وہ ناراض ہو تے ہوئے دوبارہ ویڈیو بنانے کا حکم دیا۔ لیکن شیخ نے پولیس سکیورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے دوبارہ ویڈیو بنانے سے انکار کردیا اور اپنا موبائل فون بند کردیا۔
اس کے بعد شیخ نے آٹورکشا ڈرائیور کو بلایا اور سنترا مارکیٹ کے گیٹ کے قریب ایک مسجد گیا اور سارا دن وہاں رہا اور شام کو ہوٹل پہنچا۔
۱۵جولائی کو شیخ سرینگر کیلئے روانہ ہوا۔ تھانہ کوتوالی پولیس نے شیخ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ بعد میں معاملہ اے ٹی ایس کے حوالے کر دیا گیا۔