نئی دہلی// نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے منگل کو اقتصادی قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ مقامیت کے لیے مضبوطی اور سودیشی سے محبت وقت کی ضرورت ہے ۔
پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں انڈین ریونیو سروس کے ٹرینی افسران کے 77ویں بیچ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھنکھڑ نے آئی آرایس افسران پر زور دیا کہ وہ "ملک میں معاشی قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے مشن موڈ میں رہیں”۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری درآمدات ہندوستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بہت زیادہ نقصان پہنچا رہے ہیں نیز روزگار اور کاروباری مواقع بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامیت کے لئے آواز اٹھانا اور سودیشی سے محبت وقت کی ضرورت ہے اور اسے ترجیح دی جانی چاہئے ۔
نائب صدر نے کہا کہ 1.40 ارب کی آبادی کے لیے ہماری ٹیکس وصولی کی صلاحیت بڑی حد تک کم ہے ۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی دہائی میں ٹیکسیشن کی تبدیلی سے متعلق اصلاحات نے ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی راہ ہموار کی ہے ۔
مسٹر دھنکھڑ نے کہا، "ایک مجموعی ترقی یہ ہے کہ ٹیکس دہندگان کو اب یقین دلایا گیا ہے کہ اس کی ٹیکس ادائیگیوں کا قومی ترقی کے لیے مکمل اور بہترین استعمال کیا جا رہا ہے ۔” انہوں نے کہا کہ ممکنہ ٹیکس دہندگان کو باضابطہ معیشت کا حصہ بننے کے فوائد اور ایسا نہ کرنے کے خطرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔