کلکتہ// کلکتہ ہائی کورٹ نے آج اساتذہ تقرری میں گھوٹالہ کے ایک معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے اسکول سروس کمیشن کی سخت سرزنش کی ہے ۔جج نے اونچی آواز میں ان سے پوچھا کہ تم کیا چھپانے کی کوشش کر رہے ہو؟ آپ کیوں چھپانا چاہتے ہیں؟۔ ایس ایس سی جج کے سوال کا جواب نہیں دے سکے ۔ لیکن ایک طرف جب ایس ایس سی کے چیئرمین نے جج سے جواب دینے کا وعدہ کیا تو ایس ایس سی کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ وہ اب ایس ایس سی وکیل کے فرائض انجام نہیں دینا چاہتے !
کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس دیبانشو باساک کی سربراہی والی ڈویژن بنچ نے جمعہ کو ایس ایس سی بورڈ کے تمام ممبران کو طلب کیا تھا۔ جج نے ایس ایس سی بورڈ کے ارکان کو دوپہر 12.30بجے سے پہلے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ اس ہدایت کے مطابق ایس ایس سی کے چیئرمین سدھارتھ مجمدار اور دو دیگر ارکان وقت پر ہائی کورٹ میں حاضر ہوئے ۔ بنچ نے ان سے ڈیٹا سکینٹیک کے بارے میں پوچھا، جو SSC OMR شیٹ کی تشخیص سے متعلق کمپنی ہے ۔ حال ہی میںسی بی آئی نے اس سلسلے میں ایک حلف نامہ جسٹس باساک کی بنچ کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ ایس ایس سی کی او ایم آر شیٹس کی جانچ کرنے میں اس ایجنسی کا کردار ہے ۔ اس کے بعد جج نے ایس ایس سی بورڈ کے ارکان کو طلب کیا۔
ایس ایس سی کے وکیل سوتنو پاترا بھی جمعہ کو ہائی کورٹ میں موجود تھے ۔ جج نے ان سے پہلا سوال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے چیئرمین سدھارتھ سے ڈیٹا سکینٹیک کے بارے میں پوچھا۔
جج نے کہاکہ کیا آپ نے سی بی آئی کا حلف نامہ پڑھا ہے ؟ ڈیٹا سکینٹیک کے بارے میں جانتے ہیں؟سدھارتھ مجمدار نے کہا کہ میں یہ نام پہلی بار سن رہا ہوں۔جج نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار؟۔آپ کے پاس فروری سے حلف نامہ ہے ۔ اور آپ کے پاس پڑھنے کا وقت نہیں ہے ۔ آپ نہیں جانتے کہ اس کیس سے کتنے لوگوں کی جانیں وابستہ ہیں؟سدھارتھ – مجھے اگلے پیر تک کا وقت دیں اور مجھے تمام جوابات معلوم ہو جائیں گے ۔
یہ ایک طویل عرصے سے کہا جا رہا ہے کہ NYSA نامی ایک OMR جانچ ایجنسی نے SSC امتحان کے پرچوں یا OMR شیٹس کی جانچ کا کام کیا ہے ۔ لیکن سی بی آئی کے حلف نامہ میں نیا نام سامنے آنے کے بعد قدرتی طور پر ایس ایس سی کی طرف سے دی گئی معلومات پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ عدالت نے جاننا چاہا کہ کیا ایس ایس سی معلومات چھپا رہی ہے ؟ جج نے جمعہ کو ایس ایس سی کے وکیل سے اس سلسلے میں سخت سوالات کے ۔ لیکن وہ اس سوال کا جواب بھی نہ دے سکے ۔ اس کے بعد ایس ایس سی کے وکیل نے وکالت سے دستبردار ہونے کی خواہش ظاہر کی۔جواب میں جج نے ان سے کہا کہ ‘‘یہ فیصلہ عدالت میں نہیں کمیشن کے بورڈ ممبران کی موجودگی میں کیا جائے گا۔’’
عدالت نے کہا کہ اس کیس کی اگلی سماعت پیر کو ہوگی۔