نئی دہلی//
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز نئی دہلی میں وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات کی جس دوران جموں وکشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ حالیہ ٹارگیٹ کلنگ اور سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے حوالے سے منگل کے روز مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں کئی اہم فیصلے لئے جانے کا امکان ہے ۔
یو این آئی اردو کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پیر کے روز نئی دہلی وارد ہوئے اور وہاں پر مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران امر ناتھ جی یاترا کے حوالے سے وزیر دفاع اور ایل جی منوج سنہا کے درمیان گفت وشنید ہوئی ۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ ایل جی منوج سنہا مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سربراہان کے ساتھ بھی ملاقی ہو رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وادی کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ کی ہلاکت کے بعد ایل جی منوج سنہا کا نئی دہلی دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔
ذرائع نے کہاکہ منگل کے روز امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور سالانہ امر ناتھ یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہو رہی ہے جس میں جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ، ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین، چیف سیکریٹری، ڈاکٹر ارون کمار مہتا کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود رہیں گے ۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ٹارگیٹ کلنگ کی روکتھام کے حوالے سے اہم فیصلے لئے جانے کا امکان ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر بھی اس میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال ہوگا۔
بتادیں کہ جون کے مہینے میں سالانہ امر ناتھ یاترا شروع ہونے جارہی ہیں جس میں ریکارڈ توڑ یاتریوں کی آمد متوقع ہے ۔
یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر مرکزی حکومت نے پہلے ہی ایک سوسے زائد پیرا ملٹری فورسز کمپنیوں کی تعیناتی کا فیصلہ لیا ہے تاہم سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر اضافی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا بھی امکان ہے اور اس حوالے سے میٹنگ کے دوران ہی فیصلہ لئے جانے گا۔
بتادیں کہ اس سال سالانہ امر ناتھ یاترا ۳۰؍جون سے شروع ہوکر ۱۱؍اگست تک جاری رہے گی۔