ماسکو//
روس میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی سائٹس معطلی کے بعد ایک پھر سے بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سائٹس کو منگل کے روز عارضی معطلی کا سامنا رہا۔
روسی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سائٹس کی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے جبکہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروسز بند ہونے کی وجوہات جاننے کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب روس نے بڑھتی ہوئی مقامی مانگ کے درمیان اگلے ہفتے سے پیٹرول کی برآمد پر چھ ماہ کی پابندی منظور کر لی ہے۔
منگل کو سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹاس نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میخائل میشوسٹین نے پیٹرول برآمدات روکنے کی منظوری دے دی ہے جس پر عملدرآمد یکم مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
اسی طرح کی پابندی گزشتہ سال مقامی مارکیٹ میں قلت اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کے لیے متعارف کرائی گئی تھی۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے 21 فروری کو ایک خط میں برآمدات کو محدود کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مقامی مارکیٹ جلد ہی ایندھن کی موسمی مانگ میں اضافہ دیکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ضرورت سے زیادہ مانگ کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم کرنے میں مدد کے لیے اقدامات کیے جائیں۔